ملتان(سٹاف رپورٹر) پولیس نے اغوا اور زیادتی کے مختلف واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے، پولیس تھانہ ممتاز آباد کو فلک شیر نے درخواست دی کہ اس کے گھر سے ملزمان اس کی بیٹی کو اغوا کر کے لے گئے، پولیس تھانہ مظفرآباد کو محمد یوسف نے درخواست دی کہ نامعلوم ملزمان نے اس کے 14 سالہ بیٹے عبدالرفیع کو اغوا کر لیا، پولیس تھانہ گلگشت کو کاشی مائی نے درخواست دی کہ ملزم شادی کا جھانسہ دے کر اس سے سات ماہ تک زیادتی کرتا رہا، پولیس سے تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی، پولیس تھانہ مظفر آباد کو منیر احمد نے درخواست دی کہ ملزم طفیل نے اس کے بیٹے سے نازبیا حرکت کی، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی، دوسری جانب پولیس نے شہریوں کو ایک کروڑ 92 لاکھ روپے مالیت کے جعلی چیک دینے کے الزام میں ایک خاتون سمیت 3 افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے، پولیس تھانہ شاہ رکن عالم کو محمد سوید نے درخواست دی کہ کاروباری لین دین پر ملزم عاقب نے اس کو ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے مالیت کا ایک دیا جو کہ بوگس تھا، پولیس گلگشت کو رابعہ بی بی نے درخواست دی کہ اس سے عائشہ بی بی نے تیس لاکھ روپے بطور ادھار لیے اور اس کے بدلے ایک چیک دیا جو کہ بوگس تھا، پولیس تھانہ شاہ رکن عالم کو زارین نے درخواست دی کہ اس کو اصغر علی نے 12 لاکھ روپے مالیت کا ایک چیک دیا جو کہ بوگس تھا، متعلقہ تھانوں کی پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی، تھانہ مخدوم رشید پولیس نے 4منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کی افیون اور چرس برآمد کر لی، پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے کارروائی شروع کر دی۔