کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آپس کی بات“میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما ن لیگ ، میاں جاوید لطیف نے کہا ہےکہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ جو دفاعی اداروں پر حملے ہوئے اس کی پلاننگ میں شاہ محمود قریشی شامل نہیں تھے،چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان بار کونسل، حسن رضا پاشا نے کہا کہ میرے خیال میں چیف جسٹس کو کوئی پرواہ نہیں کہ عدلیہ سے متعلق کیا تاثر بن رہا ہے،سینئر تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہاکہ سیاست میں اب اصول کی جنگ نہیں رہی ذاتی لڑائی لڑی جارہی ہے،رہنما ن لیگ ، میاں جاوید لطیف نے کہا کہ9،10 مئی کو جو کچھ کیا ہے ابھی کچھ نہیں ہوا۔9 ،10 مئی کا واقعہ جو ان سے ہوا ہے یہ اچانک نہیں ہوا۔آنے والا وقت بتائے گا کہ عالمی فورسزجوپاکستان کو کمزور دیکھنا چاہتی تھیں۔ ان کی مشاورت سے یا ان کی ہدایت پہ پی ٹی آئی کے وہ کور کمیٹی کے ممبران عمران کی قیادت میں جنہوں نے یہ سارا ڈیزائن بنایااس میں کچھ اورکردار بھی شامل ہیں ۔ میں یہ سمجھتا ہوں کہ جو دفاعی اداروں پر حملے ہوئے اس کی پلاننگ میں شاہ محمود قریشی شامل نہیں تھے ۔بطور جماعت پی ٹی آئی پر کوئی پابندی نہیں ہونی چاہئے نہ اس کو سیاست سے باہر کرنا چاہئے یہ ان کا حق ہے۔ سینئر تجزیہ کار، ارشاد بھٹی نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف جس طرح اس کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے ۔ اس کے بعد باتیں بہت ساری ہورہی تھیں کیوں کہ شاہ محمود قریشی کے جیل میں رہنے پر کپتان یا قاسم کے ابا بڑے حیران بھی ہوئے ۔