• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم شہباز شریف کی کرکٹ بورڈ کے الیکشن جلد کرانے کی ہدایت، نجم سیٹھی پر اعتماد کا اظہار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے بدھ کو وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی اور بورڈ کے مختلف امور پر بریفنگ دی ۔ انہوں نے وزیرِ اعظم کو ڈومیسٹک کرکٹ کی بحالی کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے جلد پی سی بی چیئرمین کا الیکشن پراسس مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ ملاقات میں وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال بھی موجود تھے۔ اس دوران قومی ٹیم کی بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت سمیت ایشیاکپ سے متعلق مشاورت ہوئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی نے   وزیر اعظم  کے سامنے ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے حوالے سے معاملہ رکھا اور پی سی بی مستقبل کی پالیسی وزیر اعظم کی مشاورت سے بنائے گا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے بعد پی سی بی میں تبدیلی کے حوالے سے قیاس آرائیاں دم توڑ گئی ہیں۔ پی سی بی نے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کیلئے الیکشن 20جون تک کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بعدازاں نجم سیٹھی نے کہا کہ ملاقات بڑے خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ وزیراعظم نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مزید ذمہ داریاں سونپی ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو مزید سہولتیں دینے ، کرکٹ انفرااسٹرکچر پر کام کرنے، ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کا ڈھانچہ مضبوط بنانے، کھلاڑیوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے سے متعلق ہدایات دیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پی سی بی تمام ڈیپارٹمنٹس کی سہولت کاری کرے، زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو بھرتی کرکے انہیں ملازمت کے ساتھ کھیلنے کے مواقع دیے جائیں۔ نجم سیٹھی نےوزیراعظم کو انٹرنیشنل ٹیموں سے متعلق بریفنگ دی جبکہ ایشیا کپ اور ورلڈکپ کے حوالے سے بھی انہیں اعتماد میں لیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے بحیثیت سرپرست اعلیٰ پی سی بورڈ آف گورنرز میں نجم سیٹھی اور مصطفی رمدے کو نامزد کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ وہ جلد دو نام پی سی بی گورنرز بورڈ میں بھجوائیں گے۔ ملاقات میں نجم سیٹھی نے ایشیاء کپ اور ورلڈ کپ سے متعلق رہنمائی مانگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی نے وزیر اعظم کو بتایا کہ پی سی بی کا 2014 کا آئین مکمل بحال ہوچکا ہے، 90فیصد سے زیادہ اضلاع میں پی سی بی ڈسٹرکٹس کا الیکشن مکمل ہوچکا ہے۔ ریجنز کے 80 فیصد الیکشن مکمل ہوچکے، ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ 15 جون سے شروع ہورہا ہے۔ ایک سالہ کرکٹ کیلنڈر مکمل کرلیا گیا جس کا جلد اعلان کیا جائے گا، ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال ہوچکی ہے، تمام ڈیپارٹمنٹس نے ٹیمیں بنانا شروع کردی ہیں۔

اسپورٹس سے مزید