• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ شیڈول سے آگاہ نہیں کیا، آئی سی سی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو جیف الرڈائز نے کہا ہے کہ کوشش ہے جلد سے جلد ورلڈ کپ کا شیڈول جاری کریں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے شیڈول ہمیں ایک آدھ دن میں مل جائے گا۔ ممبر ممالک اور براڈ کاسٹرز سے مشاورت کے بعد شیڈول کا اعلان کریں گے ۔ جمعرات کوانہوں نے کہا کہ اب تک شیڈول سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا ہے، جو سوالات کو جنم دے رہا ہے۔واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ورلڈ کپ شیڈول ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے دوران جاری کیا جائے گا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوران بھی شیڈول کے اعلان کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ابھی بھارت جانے کا فیصلہ نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے ڈیڈلاک ہے۔ جیف ایلر ڈائز چند روز قبل آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے کے ہمراہ لاہور آئے تھے، ذرائع کے مطابق اس کا مقصد ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے یقین دہانی حاصل کرنا تھا تاہم چیف ایگزیکٹو سے پاکستان کی ورلڈکپ میں شرکت اور شیڈول میں تاخیر کا سوال کیا تو جواب گول کرگئے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کہ نجم سیٹھی نے آئی سی سی کو واضح کردیا ہے کہ پاکستان ورلڈ کپ کے دوران بھارتی شہر احمد آباد میں کوئی میچ نہیں کھیلے گا سوائے فائنل کے۔ انہوں نے آئی سی سی سے کہا کہ اگر ٹیم کو حکومت سے بھارت جانے کی اجازت مل جاتی ہے تو پھر پاکستان کے میچز کو چنئی، بنگلورو اور کولکتہ میں شیڈول کیا جائے۔

اسپورٹس سے مزید