• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، 36گھنٹوں میں سرکاری ملازمین سمیت 10افراد لوٹ لئے گئے

پشاور (کرائم رپورٹر) پشاور میں راہزنوں کا راج، 36گھنٹوں کے دوران سرکاری ملازمین سمیت10افراد کو اسلحہ کی نوک پر ہزاروں کی نقدی، قیمتی موبائل فونز اور موٹرسائیکل سے محروم کردیا گیا جبکہ مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس نے تمام واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔تھانہ ہشت نگری کی حدود اوور ہیڈ پل کے نیچے موبائل مارکیٹ کے باہر 2موٹرسائیکلوں پر سوار 4مسلح راہزنوں نے ناکہ لگاکر 4افراد کو لوٹتے ہوئے ان سے قیمتی موبائل فونز اور ہزاروں کی نقدی چھین لی، لٹنے والوں میں ہسپتال ملازم عمیر ولد محمد عامر سکنہ نشتر آباد بھی شامل ہے، تھانہ ہشت نگری ہی کی حدود رحمن چوک میں مسلح راہزنوں نے 2چچا زاد بھائیوں حسنین احمد ولد ریاض احمد ساکن کچی محلہ اور سید حسن سے اسلحہ کی نوک پر موٹرسائیکل، 2موبائل فونز اور 25ہزار کی نقدی چھین لی، تھانہ شرقی کی حدود سورے پل کے قریب موٹرسائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ملازم مسعود اکرم ولد محمد افضل ساکن ہشت نگری سے قیمتی موبائل فون اور 15ہزار کی نقدی چھین لی، مسعود اکرم ضلع کچہری سے ڈیوٹی کیلئے پیدل ایل آر ایچ جارہا تھا۔نوشہرہ کے رہائشی انور زیب ولد محمد ادریس نے گلبہار پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز وہ کام کے سلسلہ میں ہشت نگری جارہا تھا، راستے میں وہ موبائل فون پر باتیں کرتے ہوئے سڑک کنارے جارہا تھا کہ نشتر آباد چوک کے قریب موٹرسائیکل سوار نامعلوم ملزمان اس سے موبائل فون جھپٹ کر فرار ہوگئے۔ادھر ہارون ولد مصورو ساکن ماشوگگر نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بڈھ بیر پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے گھر سے نائٹ ڈیوٹی کیلئے موٹرسائیکل پر جارہا تھا، راستے میں دوسرے ساتھی کو کال کرکے سکیم چوک میں اس کا انتظار کرنے لگا، اس دوران 3 نامعلوم ملزمان جنہوں نے رومال سے منہ چھپائے ہوئے تھے نے اس سے اسلحہ کی نوک پر 8ہزار نقد اور موبائل فون چھین لیاجبکہ موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کے دوران دوسری جانب سے اس کے دوست فواد ولد ظفر ساکن قلعہ وارث سکیم چوک نے ملزمان کوللکارا تو انہوں نے فائرنگ کردی جس سے فواد زخمی ہوگیاجبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔دریں اثناء شاکر اللہ ولد مرزاعزیز بیگ ساکن سرائے کالاخان نے رپورٹ درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز وہ اپنی موٹرسائیکل نمبر وائی 7627 گھر کے سامنے کھڑی کرکے اندر چلا گیا تاہم کچھ دیر بعد جب وہ واپس نکلا تو موٹرسائیکل موجود نہیں تھی جسے نامعلوم ملزمان چوری کرکے فرار ہوچکے تھے
پشاور سے مزید