اسلام آباد (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر ملزمان کے خلاف جعلی اکاونٹس کیسز کے چار ریفرنسز نیب کو واپس بھجوا دیئے۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک اور نیب پراسیکیوٹرز عدالت میں پیش ہوئے۔ فاروق نائیک نے موقف اختیار کیا کہ نیب قانون میں ترمیم کے بعد یہ ریفرنسز احتساب عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے نیب قانون میں ترمیم کے بعد یہ ریفرنسز احتساب عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے، احتساب عدالت ریفرنسز پر ٹرائل نہیں کرسکتی۔ دلائل سننے کے بعد فاضل عدالت نے چار ریفرنس نیب کو واپس بھجوا دیئے جن میں سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپور، حسین لوائی اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس، منظور قادر اور دیگر ملزمان کے خلاف پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس، بلال شیخ اور دیگر ملزمان کے خلاف سندھ بینک ریفرنس اور پنک ریڈیڈنسی ریفرنس شامل ہیں۔