پشاور ( وقائع نگار )پشاور پولیس کالونی ناصر باغ روڈ کے مکینوں نے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا اور واپڈا حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر انکے مطالبات درج تھے اس موقع پر علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ گھنٹوں گھنٹوں بجلی کی لوڈشیڈنگ برداشت سے باہر ہے،پندرہ گھنٹے لوڈشیڈنگ سراسر ظلم و زیادتی ہے مظاہرین کا کہنا تھا کہ پیسکو کے لوڈشیڈنگ کم کرنے کے وعدے مزید نہیں مانتے انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری بجلی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرنے پر مجبور ہونگے تاہم بعدازاں پولیس نے موقع پر پہنچ کر مذاکرات کئے جس پر مظاہرین پر امن طور پر منشتر ہوگئے۔