کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کراچی کے بلدیاتی اداروں کے ایم سی اور7 ڈی ایم سیز میں کونسل اور ایس سی یو جی کے ملازمین کے تقرر و تبادلےاور ترقی وغیرہ کے معاملات میں سیکریٹری سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ کی مداخلت بڑھ گئی، جب کہ کونسل کی اسامیوں پر ایس سی یو جی اور ایس سی یو جی کی اسامیوں پر کونسل ایمپلائز کی دھڑا دھڑ تعیناتیوں سے انتظامی مسائل پیدا کئے جانے کا خدشہ ہے،ذرائع کے مطابق اندرون سندھ کے بلدیاتی اداروں سے ایک دن بھی ملازمت نہ کرنے والے ملازمین کو کونسل کا ملازم ظاہر کرکے کراچی کی ڈی ایم سیز، کونسل اور کے ایم سی میں تبادلے کرکے بمعہ تنخواہ تعینات کیا جارہا ہے،2017 کے شیڈول آف اسٹیبلشمنٹ جو کابینہ سے منظور بھی نہیں اس پر سندھ ہائی کورٹ میں مقدمہ زیرالتواء ہونے کے باوجود عملدرآمد کیا جارہا ہے اور حکم نہ ماننے والے کونسل ملازم کو پرسنل ہیئرنگ، ریکارڈ کی طلبی کے نام پر ہراساں کرکے بھاری نذرانے وصول کیے جارہے ہیں، اس ضمن میں سجن یونین، ٹائونز میونسپل کارپوریشنز کراچی کے ایک وفد نے وکلاء کے پینل سے مشاورت بھی شروع کردی ہے۔