کراچی (عبدالماجد بھٹی /اسٹاف رپورٹر) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ورلڈکپ کا مجوزہ شیڈول پاکستان کرکٹ بورڈ کو موصول ہوگیا ہے۔ پی سی بی نے احمد آباد سمیت پانچ بھارتی شہروں میں میچ کھیلنے کی اجازت کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا ہے۔ بورڈ حکام شیڈول کا جائزہ لے رہے ہیں، جمعرات تک آئی سی سی کو حتمی جواب دینا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت پی سی بی کو تمام پانچ سینٹرز پر مشروط طور پر کھیلنے کی اجازت دے دے گی اور جب ٹورنامنٹ قریب آنے پر حتمی طور پر آئی سی سی کو آگاہ کیا جائیگا۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ریاست گجرات کے شہر احمدآباد میں کھیلنے کا فیصلہ بھی این او سی سے مشروط ہے۔2015میں آئی سی سی نے پاکستان کے میچ دھرم شالا میں رکھے تھے لیکن پاکستان کے اعتراض کے بعد2016میں جب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ قریب آیا اس وقت ان میچوں کو کول کتہ منتقل کردیا گیا تھا۔ پی سی بی کے مطابق تکنیکی مشاورت کیلئے شیڈول ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر اور کوچز جبکہ حکومت سے اجازت کیلئے وزارت خارجہ کو بھیجا گیا ہے۔ پی سی بی کو یقین ہے کہ بدھ کو ایشین کرکٹ کونسل ایشیا کپ شیڈول کا اعلان بھی کردے گا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈکپ 2023کا اہم میچ 15اکتوبر کو احمدآباد میں کھیلا جائے گا۔شیڈول کے مطابق 5اکتوبر کو ورلڈکپ کا افتتاحی میچ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا، پاکستان کے ابتدائی 2میچ کوالیفائر ٹیموں کے ساتھ 6اور 12اکتوبر کو حیدرآباد دکن میں ہونگے۔ پاکستان 20اکتوبرکو آسٹریلیا سے بنگلور میں میچ کھیلے گا جبکہ پاکستان کا افغانستان سے میچ 23اکتوبر کو چنئی میں شیڈول ہے۔ پاکستان کا بنگلہ دیش سے31اکتوبر کو کول کتہ، نیوزی لینڈ سے5نومبر کو بنگلور میں میچ ہوگا، پاکستان کا آخری میچ انگلینڈ سے12 نومبر کو کول کتہ میں شیڈول ہے۔میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 15 نومبر جبکہ دوسرا16نومبر کو شیڈول ہوگا، ٹورنامنٹ کا فائنل 19 نومبر کو کھیلا جائے گا۔