• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، جوس فیکٹری پر چھاپہ، 2 ہزار لیٹر مضر صحت مشروبات تلف

پشاور(جنگ نیوز)فوڈ اتھارٹی کا پشاور میں گھر کے اندر قائم جوس فیکٹری پر چھاپہ، 2 ہزار سے زائد مضر صحت ،مس لیبل جوس تلف، کارخانہ سربمہر خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی انسپکشن نے خفیہ اطلاع پر پشاور میں جوس فیکٹری پر اچانک چھاپہ مارا اوردو ہزار لیٹر سے زائد مضر صحت مس لیبل جوس برآمد کر کے تلف کر دیا اس سلسلے میں فوڈ اتھارٹی حکام نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ سیفٹی ٹیم پشاور نے خفیہ اطلاع ملنے پر پشاور کے علاقے لنڈی ارباب میں کارخانے پر چھاپہ مارا اور انسپکشن کے دوران دو ہزار لیٹر سے زائد مس لیبل مضر صحت اورغیر معیاری جوس برآمد کر کے تلف کر دیا جبکہ مس لیبل پیکنگ مواد بھی ضبط کر لیا گیا،فوڈ اتھارٹی ٹیم کی جانب سے مزید کارروائی کرتے ہوئے فیکٹری بھی سیل کر دی جو ایک گھر کے اندر قائم کر کے چلائی جا رہی تھی۔ عوام کی صحت سے کھلواڑ کرنے پر مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی بھی شروع کردی گئی، مضر صحت جوس بنانے والوں کے خلاف کامیاب کارروائی کے بعد اپنے دفتر سے جاری بیان میں ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی شاہ رخ علی خان کا کہنا تھا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف موثر کارروائیاں کرنے میں فوڈ اتھارٹی پر عزم ہے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مضر صحت اشیاء کی فروخت کے خلاف فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن پر رپورٹ کریں تاکہ انکے خلاف بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔
پشاور سے مزید