کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف گوادر کی تیسری سنڈیکیٹ کا اجلاس گزشتہ روز ہائر ایجوکیشن کمیشن کے علاقائی مرکز کوئٹہ میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کی صدارت میں ہوا۔جس میں فیصلہ کیاگیاکہ چند نئے تدریسی محکموں کے علاوہ سنڈیکیٹ نے ایک سی پیک اسٹڈی سینٹر اور میرین افیئرز اینڈ میرین سائنسز کے لئے ایک مرکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اجلاس میں جامعہ گوادر کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد، سیکرٹری کالجز اینڈ ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن حافظ عبدالمجید بوہیر، رجسٹرار دولت خان، ڈائریکٹر فنانس شفیع محمد، قائم مقام ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز سمیت سنڈیکیٹ ممبران نے شرکت کی۔ کامرس اینڈ سوشل سائنسز کے پروفیسر ڈاکٹر جان محمد اور قائم مقام کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر قمبر فاروق بھی شریک تھے۔رجسٹرار نے اجلاس کا ایجنڈا غور و خوض اور فیصلوں کے لئے ایوان کے سامنے پیش کیا۔فورم نے ہر ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، نئے پروگرام شروع کرنے اور کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولرائز کرنے کی منظوری دی جنہوں نے بھرتی کے تمام طریقہ کار کو پورا کیا اور اپنی پروبیشن مدت پوری کر لی۔ممبران نے یونیورسٹی کے تعلیمی، انتظامی اور مالیات سے متعلق فوری مسائل پر غور اور انہیں حل کیا۔ایوان نے سنڈیکیٹ کے پہلے اجلاس کے منٹس، اکیڈمک کونسل کے تیسرے اجلاس، مالی سال24-2023 کے بجٹ تخمینے کے لئے فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے تیسرے اجلاس اور سال2023 کے لئے یونیورسٹی کی سالانہ رپورٹ کی تصدیق کی۔