• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، خصوصی بچوں کے لیے سپیشل چلڈرن اولمپکس کا انعقاد کیا گیا

پشاور(وقائع نگار)صوبائی دارلحکومت پشاورمیں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس کے تعاون سے طہماس خان سٹیڈیم میں خصوصی بچوں کے لیے سپیشل چلڈرن اولمپکس کا انعقاد کیا گیا۔ پشاور کے ڈھائی سو سے زائد خصوصی بچوں نے سپیشل چلڈرن اولمپکس میں حصہ لیا۔ اس حوالے سے طہماس خان سٹیڈیم پشاور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پرنگران وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی ملک مہر الٰہی, سیکریٹری سپورٹس، ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس کیپٹن (ر) خالد محمود، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سنیہ صافی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان، انتظامی افسران، قومی کرکٹر محمد حارث سمیت مختلف محکموں کے افسران، طلباء و طالبات اور دیگر افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی جبکہ تقریب کو اسسٹنٹ کمشنر راؤ ہاشم، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر جنید شاہ اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر میڈم گل رخ نے آرگنائز کیا تھا۔ خصوصی بچوں کے درمیان کرکٹ، لڈو، ٹگ آف وار، میوزیکل چیئر، بیڈ منٹن، ٹیبل ٹینس، ریس، سیک ریس، فٹ بال اور دیگر کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد نے کھیلوں کے مقابلوں کے اختتام پر کامیاب کھلاڑیوں اور ان کی ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر انھوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پشاور کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے سنجیدہ ہے اور اس حوالے سے پشاور کے خصوصی بچوں کے لیے سپیشل چلڈرن اولمپکس کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈھائی سو سے زائد بچوں نے حصہ لیا۔ انھوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی ایسی مثبت سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ انھوں نے ضلعی سپورٹس آفس اور یوتھ آفیئر کی کارکردگی کو سراہا۔ تقریب میں خصوصی بچے اپنے درمیان ڈپٹی کمشنر پشاور اور دیگر افسران کو دیکھ کر ان سے گھل مل گئے اور خوشی کا اظہار کیا
پشاور سے مزید