• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PP کو منانے کی حکومتی کوششیں، نیا محاذ کھولنے سے پرہیز کرنا چاہئے، ن لیگ، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی دبئی میں زرداری سے ملاقات

نارووال، لاہور (نمائندہ جنگ، جنگ نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی اور پنجاب کی نگراں حکومت کی جانب سے پیپلزپارٹی کو منانے کی کوششیں جاری ہیں.

مسلم لیگ (ن) کے رہنما و وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ آپس میں نیا محاذ کھولنے سے پرہیز کرنا چاہیے، جلسوں میں اتحادی جماعتوں کی ایک دوسرے پر تنقید سے بے یقینی پیدا ہوگی.

کابینہ میں بات کریں، وزیراعظم اتحادیوں کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں،مخلوط حکومت کے فائدے اور نقصان مشترکہ ہیں، بجٹ تیاری میں تمام اتحادی شریک تھے.

 دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دبئی میں سابق صدر سے ملاقات کی.

 ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پیپلزپارٹی کے تحفظات پر بات چیت، جبکہ نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر کا کہنا تھاکہ نگران وزیر اعلیٰ کی آصف زرداری سے ملاقات کے بارے میں زیادہ علم نہیں ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بجٹ کی تیاری میں تمام اتحادیوں کو شامل کیاگیا تھا، حکومت کی کوشش ہے کہ ہر فیصلہ اتفاق رائے سے کیا جائے۔

 پاکستان مسلم لیگ ن معیشت نا سنبھالتی تو ملک ڈیفالٹ ہو چکا ہوتا ہم نے کڑوی گولی کھائی اور اپنا کردار ادا کیا ایک سال کے بعد پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور پاکستان کو بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرینگے جس کیلئے روڈ میپ تیار کرلیا ہے۔

پاکستان ابھی خطرات سے پورا نہیں نکلا،اتحادی ایک دوسرے کیخلاف محاذ کھولنے سے گریز کریں۔وہ نارووال میں وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کے ہمراہ کنسٹرکشن ڈویژن نارووال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

بلاول بھٹو کی وزیر اعظم شہباز شریف کو وارننگ پر ردعمل دیتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں کوشش کر رہے ہیں کہ تمام فیصلے اتفاق سےکیے جائیں، وزیر اعظم نے ہمیشہ اپنے اتحادیوں کو ہر فیصلے میں شریک کیا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے بجٹ سمیت ہر فیصلے میں اتحادیوں کو شریک رکھا، پاکستان میں ترقی کےمنصوبوں کو بحال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا سابق حکومت نے ترقی کے گیئر کو ریورس پر لگا دیا اور ترقی ایک ڈراؤنا خواب بن چکی تھی ایک نااہل شخص کو صادق اور امین کا نہیں بلکہ لوٹنے کا سرٹیفکیٹ دیکر ایٹمی طاقت پاکستان کا وزیر اعظم بنایا گیا۔

اس نے اپنے سرپرستوں اور ڈونرز کو بنی گالہ میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے کھلی چھٹی دی، پاکستان کے عوام کو لوٹنے کا پرمٹ دیا گیا، نتیجہ یہ ہوا کہ پاکستان سے تمام سرمایہ کار دوڑ گئے، ترقی کے تمام منصوبے بند ہوگئے عمران نیازی نے نفرتوں کے بیج بوئے انتقامی کارروائیاں کیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان اب دوبارہ ترقی کی طرف اپنا رخ متعین کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے سیلاب متاثرین میں رقم تقسیم کی جنیوا کانفرنس میں سندھ اور بلوچستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کا عمل تیزی سے بہتر کیا حکومت کوشش کرتی ہے کہ تمام فیصلے اتفاق رائے سے کئے جائیں اور جب فیصلے اتفاق رائے سے کئے جاتے ہیں تو سب کو ان پر پہرہ دینے کی ذمہ داری ہوتی ہے پاکستان میں پچھلے سال سیلاب آیا تو وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبہ سندھ اور صوبہ بلوچستان کو اپنے محدود وسائل کے باوجود 80 ارب سے زائد کی خطیر رقم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرین کی مدد کی اسی طرح این ڈی ایم کے ذریعے ان دنوں صوبوں کو 15 سے 20 ارب کا فائدہ پہنچایا گیا وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مل بے مثال کام کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے کام کیا احسن اقبال نے کہا کہ جب اتحادی مل کر فیصلے کریں تو گلے شکوے بھی اندر بیٹھ کر کئے جاتے ہیں جلسے جلوسوں میں نہیں اس طرح کا طرز گفتگو عمران نیازی کا ہے وزیر اعظم ن لیگ کے نمائندوں کو نہیں اپنے اتحادیوں کو زیادہ فوقیت دیتے ہیں بعض اوقات ن لیگ وزیر اعظم سے گلہ کرتی ہے لیکن وہ کہتے ہیں کہ اتحادی جماعتوں کو خیال رکھنا ان کی پہلی ترجیح ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 2035 روڈ میپ بنا رہے ہیں جس سے اگلے تین چار سالوں میں غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا نوجوانوں مستقبل روشن ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ابھی تک خطرات سے پوری طرح نہیں نکلا قومی حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالے گی ترقی کے ہر منصوبے پر نوازشریف کی مہر ہے۔ اگلے الیکشن میں مسلم لیگ ن بھاری مینڈیٹ حاصل کرے گی۔ کنسٹرکشن ڈویژن نارووال کا درینہ مطالبہ پورا کر دیا ہے جس سے اب نارووال ضلع خود مختار ہو گیا ہے ۔

 علاوہ ازیں پی ڈی ایم حکومت نے بجٹ پر پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کرلیا،ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور آج ( پیر کو ) ہوگا،ن لیگی اور پیپلز پارٹی کے وزراء بجٹ اجلاس کے دوران ملاقات کرینگے،وفاق کی جانب سے سندھ حکومت کو سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے فنڈز فراہمی پر بات ہوگی

وفاقی وزراء اسحاق ڈار، احسن اقبال ،ایاز صادق، نوید قمر،خورشید شاہ ،شازیہ مری ,شیری رحمان بات چیت میں شامل ہونگے،وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی بھی شرکت متوقع ہے،یاد رہے کہ سندھ حکومت نے وفاقی بجٹ میں سیلاب زدگان کی بحالی کیلیے الگ سے بجٹ مختص کرنے کا مطالبہ کررکھا ہے۔

اہم خبریں سے مزید