اسلام آباد (فاروق اقدس/خصوصی رپورٹ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے دورہ چین اور جاپان میں مصروفیات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ وزیر خارجہ 27 جون کو تین روزہ دورے پر چین کے شہر تیانجن میں اپنی اولین مصروفیات میں ورلڈ اکنامک فورم کے 14 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ’’نیو چمپین‘‘ کے عنوان سے ہونے والا یہ اجلاس تین روز تک جاری رہے گا، وزیر خارجہ اس دوران چینی قیادت سے ملاقاتوں میں پاک چین معاشی تعاون اور دیگر شعبوں میں مختلف امور کو وسعت دینے پر بات چیت اور اجلاس میں شرکت کیلئے آئی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو چین سے ہی دو روزہ دورے پر جاپان روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ دارالحکومت ٹوکیو میں اپنے جاپانی ہم منصب سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کریں گے اور بالخصوص جاپانی کاروباری اور سرمایہ کار شخصیات سے بھی ملاقاتیں گریں گے۔