لاہور(نیوزایجنسی) جماعت اسلامی نے کراچی میئر کے انتخاب کے معاملے پر 23 جون کو الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر کے سامنے احتجاج کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ بلاول کراچی کے شہریوں کا چوری مینڈیٹ ہضم نہیں کرسکیں گے، ہمارے ممبرز غائب کئے گئے، عدالتوں گلیوں اور چوراہوں میں پیچھا کرینگے۔منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی اسراج الحق نے کہا ہے کہ طویل جدوجہد کے بعد کراچی میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ہوا، کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا، لوگوں نے سیاست سے بالاتر ہوکر ترازو پر ٹھپہ لگایا، بلاول کراچی کے شہریوں کا چوری مینڈیٹ ہضم نہیں کرسکیں گے،کراچی کے عوام نے شہر کے حقوق کی خاطر ہم پر اعتماد کیا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پھر الیکشن کے نام پر سلیکشن دیکھی گئی، 15 جون کو 30 ممبران غائب کیے گئے، پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت نے کراچی کے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا، یہ الیکشن پیپلز پارٹی نے نہیں جیتا، یہ اغوا برائے تاوان کی طرح کارروائی کی گئی ہے، جمہوریت کو کراچی کی گلیوں میں دفنانے کی کوشش کی گئی۔سراج الحق نے کہا پاکستان فساد اور افراتفری کا شکار ملک ہے، ان پارٹیوں کی وجہ سے آئینی، معاشی اور سیاسی بحران ہے، آپ یہ مینڈیٹ ہضم نہیں کر سکیں گے۔