کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر میٹروپولٹین کارپوریشن کوئٹہ جبار بلوچ کی زیر صدارت عید الاضحی کے موقع پر صفائی مہم کے حوالے سے اجلاس ہوا ،جس میں چیف سینی ٹیشن افسر انور لہڑی‘ ایگزیکٹیو انجینئر ز عبدالحق زہری‘ سرورزہری سمیت دیگر نے شرکت کی‘ اجلاس میں عید کے موقع پر خصوصی صفائی مہم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی‘ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ جبار بلوچ نے کہاکہ عیدالاضحی کے موقع پر خصوصی صفائی مہم کا آغاز کردیاگیا ہے،مہم کے دوران دو شفٹوں میں کام جاری رہے گا ،جو دن اور رات کے اوقات میں شہر کی صفائی اور خوبصورتی کیلئے کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ ہم سب کا مشترکہ گھر ہے اورصوبائی دارالحکومت کی ترقی‘خوشحالی اوربہتر صفائی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ شہر کی خوبصورتی اور صفائی کیلئے میٹروپولٹین انتظامیہ کے ساتھ ہر مکتبہ فکر کو کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ صفائی نصف ایمان ہے شہر کی صفائی کی ذمہ داری صرف انتظامیہ کی نہیں بلکہ شہر میں بسنے والے ہر فرد کی ذمہ داری ہے وہ اس میں اپنا حصہ ڈالیں ۔انہوں نے کہاکہ شہریوں‘تاجروں اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں سے اپیل کی کہ وہ شہر کی صفائی‘ترقی‘خوشحالی اور خوبصورتی کیلئے میٹروپولٹین کا ساتھ دیں تاکہ شہر کی خوبصورتی کو دوبارہ بحال کیا جاسکے ۔