کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے اچھے دن شروع ہونے والے ہیں، جب امپائر کی مداخلت نہیں ہوتی، لیول پلینگ فیلڈ کی گارنٹی ہوتی ہے تو جیالے جیت جاتے ہیں، 2018 کےانتخابات میں آپکے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، اس ڈاکے کا انتقام جمہوری طریقے سےلیا، پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، مسلط کیےگئے شخص کو عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا گیا، پیپلزپارٹی نفرت اور تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری سے ہے، ہم مل کر شہر اور صوبے کی خدمت کرینگے، لیاری سے تین نسلوں کا رشتہ ہے،ککڑی اسپورٹس کمپلیکس کا پراجیکٹ صوبائی حکومت کے اس عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ گلی محلوں میں معیار زندگی کو بہتر بنانے اور اپنے شہریوں بالخصوص نوجوان نسل کیلئے کھیلوں کی بہتری کو فروغ دیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو 1.3 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ککڑی اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کر نے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ آصفہ بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ہیں جبکہ وزرا میں شرجیل میمن، اسماعیل راہو، مکیش چاولہ، گیانچند ایسرانی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر سلمان مراد ، ایم پی ایز، علاقے کے معززین اور پارٹی کارکنان موجود تھے۔ افتتاح کے بعد بلاول بھٹو، آصفہ بھٹو نے محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا ، کیک کاٹنے سے پہلے محترمہ کے ایثال ثواب کیلئے دعا کی گئی ۔تقریب ککڑی اسپورٹس کامپلیکس کے فٹبال گراؤنڈ میں منعقد کی گئی ہے ۔