لیڈز (محمد رجاسب مغل ) انڈس ہیلتھ نیٹ ورک یو کے کے زیر اہتمام لیڈز میں چیرٹی کرکٹ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں برطانیہ بھر کی 12 ٹیموں نے حصہ لیا، فائنل میچ ڈان سپر جارجر اور لیڈز کشمیر کرکٹ کلب کے درمیان کھیلا گیا جس کی فاتح ڈان سپر چارجر رہی۔ میچ دیکھنے کیلئے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ٹورنامنٹ کے آرگنائزر تصدق حسین ، فواد ظفر ،اشتیاق میر اور دیگر کا کہنا تھا اس طرح کے مقابلے نوجوانوں کو صحت مند اور فلاحی سرگرمیوں کی جانب راغب کرتے ہیں اس موقع پر جیتنے والی ٹیم اور عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ٹرافیاں اور میڈلز دیے گئے، انڈس ہسپتال کیلئے فنڈریزنگ بھی کی گئی۔ آرگنائزر کا کہنا تھا کہ انڈس ہسپتال ایک تحریک کا نام ہے جس کا آغاز آج سے 15 برس قبل ہوا، اس ہسپتال میں ڈائیلیسز، دل اور دیگر پچیدہ امراض کا علاج ہوتا ہے۔ انڈس کے ہسپتالوں میں کوئی کیش کاؤنٹر اور کوئی پیپر ورک نہیں ہے بلکہ سارا ریکارڈآن لائن ہے۔ اس وقت پاکستان میں 15 انڈس ہسپتال ہیں جہاں ماہانہ لاکھوں مریضوں کا علاج ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شمار ایسے ممالک میں ہوتا ہے جہاں فلاحی خدمات ،سماجی بہبود اوردوسروں کی اخلاقی و مالی معاونت کا جذبہ ختم نہیں ہوا، انڈس ہسپتال ایک ایسا ادارہ ہے جوغریب اور نادار لوگوں کی مدد میں پیش پیش ہے ۔فنڈ ریزنگ کی تقریب میں امام قاری عاصم ، حماد ،آصف احمد ،صداقت علی ، فرح ، ظہیر ، زاہد ، یسین فاضل ،حاجی لطیف ، ارشد کھٹا نہ ، سردار طارق اور دیگر نےشرکت کی ۔