پشاور(نیوزرپورٹر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور نصیر احمد نے خاتون کے پالتو کتے کو مارنے کے مقدمے میں نامزدملزمان کو 11جولائی تک عبوری ضمانت دیتے ہوئے مدعی مقدمہ اور پولیس کو نوٹسز جاری کرکے ریکارڈ طلب کرلیا ہے ۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان ڈاکٹر اکمل رانا اور محمد شہریار خان پر پالتو کتے کو غلط انجیکشن لگانے کا الزام ہے ۔ مدعی مقدمہ مسماۃ (ی) نےجانوروں کے نجی کلینک پر تھانہ یونیورسٹی ٹاؤن میں مقدمہ درج کردیا ۔ مدعی مقدمہ ایک حساس ادارے کے آفیسر کی اہلیہ ہیں۔ ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ یونیورسٹی روڈ پر واقع ایک نجی کلینک اور انکے سٹاف نے اُنکے پالتو کتے کو غلط انجیکشن لگایا جس کے باعث کتا مر گیا ۔ ملزمان کے خلاف تھانہ یونیورسٹی ٹاون میں دفعہ 429 پی پی سی کے تحت نقص رسانی کا مقدمہ درج کیا گیا ۔ ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عدالت میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کردی ملزمان نے درخواست ضمانت میں موقف اختیار کیا ہے کہ اُنکے خلاف مقدمہ بے بنیاد ہے اور مدعی اُنکے سٹاف کو ہراساں کرنا چاہتی ہے واقعے کے طبی میڈیکل شواہد بھی نہیں ہیں لہذا ملزمان کو عبوری ضمانت دی جائے ۔ عدالت نے درخواستوں پر مزید سماعت 11 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کرکے ریکارڈ طلب کرلیا ۔