راولپنڈی(خصوصی نمائندہ)وزیر پرائمری ہیلتھ و بہبود آبادی پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے بنیادی مرکز صحت تریٹ، تحصیل مری کا اچانک دورہ کیا اور غیر حاضری اور عوامی شکایات پر تمام عملے کو معطل کر دیا۔ مرکز صحت میں تعینات تینوں ایل ایچ وی تقریبا ایک مہینہ سے غیر حاضر تھیں۔ اس کے علاوہ ویکسینیٹر، لیب ٹیکنیشن، ڈرائیور اور سیکورٹی گارڈبھی ڈیوٹی پر موجود نہ تھے۔صوبائی وزیر نے طبی عملے کی غیر حاضری اور صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عوام کی شکایات بھی سنیں۔مقامی لوگوں نے بنیادی مرکز صحت تریٹ کے عملے کے رویے اور علاج کی عدم سہولت کے حوالے سے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ ڈاکڑ جمال ناصر نے مریضوں کو ادویات کی عدم فراہمی پر شدید غصے کا اظہار کیا۔