کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اکتوبر میں ہونے والے ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان منگل کو ممبئی میں کرے گی۔ حکومت پاکستان اور پی سی بی نے تاحال اس ایونٹ کے لئے قومی ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت دینے کے حوالے سے واضح فیصلہ نہیں کیا ہے۔ پاکستان نے ورلڈ کپ میں بھی ہائبر ماڈل کے تحت کھیلنے کی تجویز بھی دے رکھی ہے جبکہ احمد آباد میں پاک بھارت میچ کے مقام کی تبدیلی کا مطالبہ بھی پیش کیا ہوا ہے، جس کے منظور یا مسترد ہونے کے بارے میں صورت حال شیڈول کے اعلان کے بعد سامنے آئے گی۔ عام طور پر آئی سی سی ایونٹس کے دوران مقام کی تبدیلی صرف اس وقت ہوتی ہے جب کوئی سیکورٹی خطرہ ہوتاہے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ احمد آباد میں پاک بھارت میچوں کا شیڈول حکومت کی اجازت سے مشروط ہوگا۔ شیڈول کے اعلان کے موقع پر میڈیا کو پاکستان کے تحفظات سمیت کئی اور اہم معاملات پر آگہی دی جائے گی، ماضی کے برعکس شیڈول کا اعلان ورلڈکپ سے صرف چار ماہ قبل کیا جارہا ہے،تاخیر کی ایک وجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ڈرافٹ وینیوز کی فہرست کی منظوری میں تاخیر بتائی جارہی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ بھی درخواست کی ہوئی ہے کہ20اکتوبر کو بنگلورو میں آسٹریلیا اور 23 اکتوبر کو چنئی میں افغانستان سے شیڈول میچ کے مقامات کو تبدیل کیا جائے، بورڈ نے درخواست کی ہے کہ20اکتوبر کو بنگلورو آسٹریلیا کے بجائے افغانستان سے جبکہ23اکتوبر کو چنئی میں افغانستان کے بجائے آسٹریلیا میچ کروایا جائے۔ بھارتی میڈیا کا دعوی ہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔