اسلام آباد (خبر نگار) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے وقاص احمد میر ایڈووکیٹ کے اغوا کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بار اپنے رکن وکیل کیساتھ پیش آنیوالے واقعہ پر آنکھیں بند نہیں کر سکتی ، واقعہ سے وکلا ءکی سکیورٹی سے متعلق سوالات جنم لیتے ہیں ، کسی بھی وکیل پر تشدد یا دھمکی برداشت نہیں کی جائیگی قانون نافذ کرنیوالے ادارے معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے نامزد افراد کیخلاف مناسب تفتیش کریں تاکہ واقعہ کے ذمہ داروں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے گزشتہ روز جاری اعلامیہ میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر بیرسٹر عابد ایس زبیری ، سیکرٹری مقتدیر اختر شبیر اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے ایک مشترکہ مذمتی بیان میں زور دیا کہ ملک کا ہر شہری قانون کے تحت یکساں تحفظ کا حقدار ہے اور یہ انکا بنیادی حق ہے کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں بلا خوف و خطر انجام دیں ۔