کراچی ( اسٹاف رپورٹر) عالمی کرکٹ میں سالہا سال تک حکمرانی کرنے والی ویسٹ انڈین ٹیم کیلئے ہفتے کو سیاہ ترین تاریخ رقم ہوئی اور کروڑوں شائقین ٹیم کی خراب کارکردگی کی وجہ سے صدمے کی حالت میں ہیں۔ 1975 اور 1979 کی عالمی چیمپئن اور1983 کے ورلڈ کپ کی فائنلسٹ ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم اکتوبر میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی نہ کرسکی اور ٹورنامنٹ سے آئوٹ ہوگئی۔ ہفتے کو ہرارے میں کوالی فائنگ رائونڈ کے سپر سکس مرحلے میں اسکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو سات وکٹ کی حیران کن شکست دے کر تہلکہ مچادیا۔ ویسٹ انڈین ٹیم تاریخ میںپہلی بار ورلڈ کپ میںشرکت نہیں کرے گی۔ اسکاٹ لینڈ نے پہلی بار ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میچ جیتا ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کوالیفائی رائونڈ میںزمبابوے اور نیدرلینڈ کے ہاتھوں بھی شکست کھاچکی ہے۔ اسکاٹ لینڈ کے خلاف ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم مایوس کن انداز میں 181 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ اسکاٹ لینڈ نے ہدف 39 گیندیں پہلے تین وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ میتھیو کراس نے 107 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 74 ناقابل شکست رنزبنائے۔ برینڈن میک ملن نے 69 رنز بنائے۔ انہوں نے 32 رنز دیکر تین وکٹ بھی حاصل کئے اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے جبکہ کرسٹوفر مک برائد کھاتا کھولنے میں ناکام رہے۔ کپتان رچی بیرنگٹن 13 رنز بناکر ناٹ آئوٹ پویلین لوٹے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین، روماریو شیفرڈ اور جیسن ہولڈر نے 1، 1و کٹ حاصل کی۔ جیسن ہولڈر 45 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، روماریو شیفرڈ نے 36 رنز اسکور کئے۔برینڈون مک ملن نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں اسکاٹ لینڈ نے ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 44 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ یہ ورلڈ کپ کوالیفائرز میں ویسٹ انڈیز کی مسلسل تیسری شکست تھی جس کے بعد وہ پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوئی ہے۔ بھارت میں ہونے والا کرکٹ ورلڈ کپ 2023 ویسٹ انڈیز کے بغیر ہونے والا پہلا ورلڈ کپ ہوگا۔ ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی ہیں جن کی کپتانی میں ویسٹ انڈیز ٹی20 ورلڈ کپ جیت چکی ہے لین شائے ہوپ کی کپتان میں ویسٹ انڈیز کا سفر مایوس کن انداز میں ختم ہوا۔