کراچی(اسٹاف رپورٹر) ماضی کے عظیم بیٹسمین اور سابق کپتان جاوید میاں داد نے دعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو وزیراعظم میں نے بنوایا تھا،جن کو وزیراعظم بنایا ان کو مجھے شکریہ کہنا چاہیے تھا لیکن میرا شکریہ تک ادا نہیں کیا گیا جس پر افسوس ہوا۔نجی ٹی وی کو انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ میرے والد کو کرکٹ کا بڑا شوق تھا، میرے علاوہ تمام بھائیوں نے بھی کرکٹ کھیلی، ہم نے گلی محلوں کے ساتھ چھتوں پر بھی کرکٹ کھیلی۔جب بھی کھیلتا تھا تو میری کوشش ہوتی تھی کہ اگر ہاریں تو مارجن کم سے کم ہو، میرے کپتان بننے کے بعد کسی نے اعتراض نہیں کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ جب پرفارمنس نہیں ملی تو کپتانی سے معذرت کرلی تھی، پاکستان کرکٹ بورڈ کو کہا تھا کہ مجھے ہٹانا ہے تو عمران خان کو کپتان بنادیں۔میاں دادنے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حوالے سے کہا کہ جس کو بھی چیئرمین بنائیں وہ پی سی بی چلاسکے، نوازشریف سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ بہت اچھی کرکٹ کھیلتے تھے۔