لاہور (نیوزرپورٹر)پاکستان اور بھارت کے تاریخی مقابلے سے قبل احمد آباد میں ہوٹلوں کے کرائے آسمان کو چھونے لگے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھی تک ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کی تصدیق نہیں ہوئی تاہم جیسے ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے اس بات کی تصدیق کی کہ گرین شرٹس احمدآباد میں روایتی حریف بھارت کے مدِ مقابل ہوں گے تو فورا ہی بھارتی شہر احمد آباد میں ہوٹلوں کے کرائے آسمان کو چھونے لگے۔ کرکٹ ورلڈ کپ کے سب سے زیادہ مقبول میچ کو دیکھنے کی بے مثال مانگ نے ہوٹلوں کے کرایوں میں اضافہ کردیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ احمد آباد میں ہوٹلوں کے کرائے تقریبا دس گنا تک بڑھ گئے ہیں، بہت سے ہوٹل تو میچ کے شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد پہلے ہی دن بک ہو گئے تھے اور کچھ ہوٹل بکنگ کیلئے ایک لاکھ بھارتی روپے کے قریب رقم بھی وصول کر رہے ہیں۔