کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان نے آئی ایم ایف سے جاری معاہدہ ختم ہونے سے چند گھنٹے قبل 3ارب ڈالر کا قلیل مدتی امدادی پیکیج کا معاہدہ کرلیا ہے،اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ سے پاکستان کو بیرونی ادائیگیوں میں مدد ملے گی ،برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے جائزہ اجلاس سے منظوری کے بعد فوری طور پر 1.1ارب ڈالر مل جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ جولائی کے آخر تک ذر مبادلہ کے ذخائر کو 15ارب ڈالر تک لے جائیں گے ، معاشی تنزلی کو روک دیا ہے اب ہمیں معاشی ترقی کی طرف جانا ہے ، کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک معروف ماہر معیشت محمد سہیل نے کہا ہے کہ نیا پروگرام ہماری توقعات سے بھی بہتر ہے ، انہوں نے کہا کہ اس نئے معاہدے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں مدد ملے گی ، اس معاہدے سے دو طرفہ اور کثیر الملکی سرمایہ کاری کے راستے بھی کھل جائیں گے ، واضح رہے کہ پاکستان کے دیرینہ اتحادی ممالک سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور چین پہلے ہی اپنے اربوں ڈالرز کے قرضے رول اوور کرنے کے وعدے کررکھے ہیں۔