پشاور(جنگ نیوز)عید کے موقع پر پشاورمیں پیشہ ور گداگروں کی بھر مار رہی اور بڑی تعداد میں بھکاریوں نے صوبائی دارالحکومت کا رخ کرلیا جنہوں نے لوگوں کے گھروں پر دستک دینے سمیت مساجد کے باہر ڈیر ے ڈالے رکھے تاہم انتظامیہ بڑھتی ہوئی گداگروں کی تعداد کو کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آئی ۔اندرون شہر جامع مساجد کے باعث عید کی نماز کے موقع پر بھی گداگرپہنچ گئے جن میں بعض نے پہلے نماز عید ادا کی جس کے بعد مساجد کے باہر بھیک بٹورنے کےلئے بیٹھ گئے جبکہ اس مکروہ دھندے میں بچوں کا بھی استعمال کیا جاتا رہا اور عید کے تینوں روز شہر گداگروں سے بھرا رہا جنہوں نے تفریحی مقامات کے باہر بھی ڈیرے ڈال دیئے تھے جبکہ ہسپتالوں اور مساجد کے باہر بھی بھکاری موجود رہے ۔اسی طرح بھکاریوں نے شہریوں سے گوشت کی بھی فرمائشیں کیں تاہم زیادہ تک پیشہ ور گداگروں نے گوشت کے بجائے پیسوں کو ترجیح دی اور صدقات ،خیرات کی آوازیں لگاتے رہے تاہم انتظامیہ گداگروں کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی اور شہریوں کو اس تمام صورتحال میں شدید کوفت کا سامنا کرناپڑا ۔