حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حیدرآباد پولیس کا رات کے اندھیرے میں تمباکو کے گودام پر چھاپہ،35لاکھ روپے سے زائد کا تمباکو اوردیگر سامان برآمد کرنے کا انکشاف ہوا ہے،گودام مالک کے مطابق پاکستان ٹوبیکو بورڈ سے لائسنس یافتہ قانونی تمباکو کا کام ہے، پولیس نے گودام کے تالے توڑ کر غیر قانونی کارروائی کرکے لاکھوں روپے کا مال برآمد کرکے کارروائی کو مین پوری کا رنگ دینے کی کوشش کی ہے، ایس ایس پی حیدرآباد غیر قانونی کارروائی کا نوٹس لیکر انصاف دلائیں، تفصیلات کے مطابق حیدرآبادپولیس نے عید کے تیسرے روزہفتہ کی صبح ٹنڈو یوسف تھانے کی حدود گلشن رئیس کے قریب مبینہ طورپر مین پوری کے کارخانے پر چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں تمباکو اور تیار شدہ مین پوری، چھالیہ کا چورا، چونا اور دیگر سامان برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، پولیس ترجمان کے مطابق پولیس کارروائی میں 510 تمباکو کے بیگز (کٹے) جن کا کل وزن 18035 کلو گرام، 570 تیار شدہ مین پوری،1 عدد بیگ میں 19 کلو چھالیہ، 130 کلو چونا، 28 عدد چھنے، ترازو 1 عدد، کٹر چھوٹا 1 عدد، کٹر بڑا اور دیگر سامان برآمد کرنے سمیت کارخانے میں موجود ملزمان کے فرار ہونے کا دعویٰ کیا ہے، دوسری جانب گودام کے مالک اور پاکستان ٹوبیکو بورڈ سے لائسنس یافتہ تمباکو کا کاروبار کرنے والے راجہ سلمان کا جنگ سے رابطہ کرنے پر کہنا تھاکہ وہ عرصہ درازسے پاکستان ٹوبیکو بورڈ سے لائسنس کے بعد قانونی طورپر کاروبار کررہے ہیں جس کے لئے ہرسال ایکسائز اور دیگر ٹیکس کی مد میں لاکھوں روپے ادا کرتے ہیں، لیکن پولیس نےعید کے تیسرے روزاندھیرے میں گودام پر چھاپہ مار کر تمباکو کے 780 کٹے ضبط کرکے مین پوری کا گودام دکھا کر 35 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا تمباکو اور دیگر سامان چوری کرکے لے گئے،کارخانے کے باہر تمباکو کے کاروبار کے حوالے سے سائن بورڈبھی لگا ہوا ہے، وہ تمباکو پان، بیڑی، نسوار میں استعمال کے لئے سپلائی کرتے ہیں جس کا تمام تر ریکارڈ ہے، پولیس نے چھالیہ اورتیار مین پوری اپنے طورپر لگا کر جعلی کارکردگی دیکھانے کی کوشش کی ہے جس کا ایس ایس پی حیدرآباد نوٹس لیں اور انصاف دلائیں، جنگ کے رابطہ کرنے پر ایس ایچ او ٹنڈویوسف کا کہنا تھاکہ وہ عید کی تعطیل پر گئے ہوئے تھے،کارروائی کا انہیں علم نہیں ہے۔