• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالم اسلام سویڈن سے سفارتی تعلقات ختم کرے، سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سویڈن کے سفیر کی ملک بدری کا مطالبہ کیا ہے اور عالم اسلام سے بھی اپیل کی ہے کہ اجتماعی غیرت اور حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یورپی ملک سے سفارتی تعلقات ختم کئے جائیں واقعہ58اسلامی ممالک ، پونے 2ارب مسلمانوں کیلئے چیلنج ہے،انہوں نے کہا واقعہ اسلامو فوبیا کا مظہر ،اٹھاون اسلامی ممالک اور پونے 2ارب مسلمانوں کے ایمان کیلئے چیلنج ہے۔ جندول ثمر باغ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے مزید کہا کہ سویڈن حکومت کی سرپرستی میں قرآن کریم جلانے کی ناپاک جسارت ہوئی جس کا اسلامی ممالک کی جانب سے بھی سرکاری سطح پر بھرپور ردعمل دیا جانا چاہیے،سویڈن میں قرآن کریم کی سرکاری سرپرستی میں بے حرمتی سے واضح ہے کہ مغربی استعماری ممالک مسلمانوں کو کسی قسم کی اہمیت دینے کو تیار نہیں، مغرب کا اپنا نظام بری طرح ناکام ہوچکا ہے اور اب وہ اسلام کی حقانیت تسلیم کرنے کو تیار نہیں، نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام پوری کائنات کیلئے امن و محبت کا پیغام ہے، مغربی نظام نے انسانیت کو جنگ و جدل، خون خرابہ، فحاشی اور غربت دی، یہی وجہ ہے کہ دجالی نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے اور اب وہاں ایسی حرکات ہورہی ہیں جس سے دنیا کا امن خطرے میں ہے، مسلمانوں کے ایمان پر حملے ہورہے ہیں، مغرب میں مسلمان عورتوں کی تضحیک کی جاتی ہے، شعائر اسلام پر حملے ہورہے ہیں، مسلمانوں کیلئے یہ سب ناقابل برداشت ہے، اسلامی ممالک اور حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ سویڈن کے واقعہ پر شدید سے شدید تر ردعمل دیں اور مسلمانوں کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی جائے، پہلے مرحلے میں تمام عالم اسلام سے سویڈن کے سفیروں کو نکالا جائے۔ ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا امیر جماعت اسلامی کی ہدایت پر اس بے حرمتی کیخلاف آج 3 جولائی سوموار شام 5بجے ایف سکس مر کز اسلام آباد سے سویڈن سفارت خانے تک احتجاجی مارچ کیا جائے گا ۔
اہم خبریں سے مزید