• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکم امتناع واپس، لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی کا الیکشن کرانے کی اجازت دیدی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے انتخابات کے حوالے سے عدالت میں کارروائی جاری ہے البتہ معاملات مزید تاخیر کا شکار ہوسکتے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی کا انتخاب روکنے کا حکم امتناع واپس لے کر انتخابات کرانے کی اجازت دے دی اور کیس جسٹس شاہد کریم کو بھجوا دیا۔ پیر کو لاہور ہائیکورٹ میں اس متعلق کیس کی سماعت جسٹس انوار حسین نے کی۔ درخواست گزار ملک ذوالفقار کی وکیل ندا کفیل نے لائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ مینجمنٹ کمیٹی کی منظوری سے بنائے بورڈ آف گورنرز کو پی سی بی الیکشن کمشنر نے عہدوں سے ہٹا دیا، پی سی بی الیکشن کمشنر نے غیر آئینی اقدام کرتے ہوئے بورڈ آف گورنرز کے نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دیا، پی سی بی کے الیکشن کمشنر نے غیر قانونی اقدام کرتے ہوئے نیابورڈ آف گورنرز تشکیل دیا۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ پی سی بی الیکشن کمشنر کا ازخود نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے کا اقدام غیر آئینی قرار دیا جائے اور عدالتی فیصلے آنے تک پی سی بی انتخابات روکنے کا حکم دیا جائے۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ اسی طرز کی درخواستیں جسٹس شاہد کریم کے پاس زیرسماعت ہیں، اس درخواست کو بھی ان کے پاس بھجوا دیا جائے۔ وکیل نے استدعا کی جسٹس شاہد کریم نے اس قسم کی درخواست پر حکم امتناعی جاری نہیں کیا، جس پر عدالت نے انتخاب روکنے کا حکم امتناع واپس لےلیا اور تمام درخواستیں یکجا کرکے کیس جسٹس شاہد کریم کو بھجوا دیا۔ یاد رہے 27 جون کو لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس انوار حسین نے شہری کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا الیکشن روکنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے وفاقی حکومت، پی سی بی الیکشن کمشنر اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا تھا۔ درخواست گزار کی جانب سے عدالت میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مینجمنٹ کمیٹی کی منظوری سے بنائے گئے بورڈ آف گورنرز کو پی سی بی الیکشن کمشنر نے عہدوں سے ہٹایا، الیکشن کمشنر نے غیر آئینی اقدام کر کے بورڈ آف گورنرز کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا۔ دوسری جانب پشاور ہائی کورٹ نے بھی اس متعلق تحریری فیصلہ جاری کردیا ۔ فریقین کے وکیل کی جانب سے بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلہ کی کاپی پیش اورپی سی بی کے انتخاب کیخلاف حکم امتناعی جاری کردیا۔ درخواست گذار کے وکیل نے کہا کہ چیئرمین کے انتخاب کیلئے بی او جی کے 16 میں سے 9 ممبران کو اجازت دی گئی ہے۔ چیئرمین کیلئے نامزد شخص کی تعلیمی اہلیت مکمل نہیں ہے۔ مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس بھی غیرقانونی ہے، چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کا عمل روکا جائے۔ جس کے بعد عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی ۔ بی او جی کے رکن کبیر آفریدی نے درخواست دائر کی ہوئی ہے۔

اسپورٹس سے مزید