کوئٹہ (آن لائن ) آل کوئٹہ کراچی کوچز یونین کے صدر حاجی میر حکمت لہڑی، چیئرمین عبداللہ کرد، جنرل سیکرٹری عبدالباری مشوانی، کراچی کمیٹی کے صدر ولو جان ناصر و دیگر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آل پاکستان بس یونین کے صدر حاجی میر دولت علی لہڑی کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں اور مکمل حمایت اور ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہیں، مسافر بسوں کو چینی اسمگلنگ کے نام پر چیک پوسٹوں پر بلاجواز چیکنگ کے بہانے تنگ کرکے پریشان اور ہراساں کیا جاتا ہے لیکن اسی چیک پوسٹ پر چینی کی اسمگلنگ بلا روک ٹوک جاری ہے، 10 لاکھ روپے میں فروخت ہونے والا پرمٹ کس کے کہنے پر جاری کیا جاتا ہے، حکومت ایک طرف ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کے لئے احکامات جاری کرتی ہے تو دوسری جانب اپنے شخصیات کو پرمٹ جاری کرکے قانونی طریقے سے اسمگلنگ کی اجازت دیتی ہے جو حکومت کا دوغلا پن ہے ، ہر ضلع کے لئے روزانہ 40 سے 50 ٹرک چینی سپلائی ہوتی ہے کیا وہاں کے عوام روزانہ 40 ہزار بوری چینی استعمال کرتے ہیں، سوچنے کی بات ہے دراصل ایسا کچھ بھی نہیں ہے ،پہلے غیر قانونی طریقے سے اسمگلنگ ہوتی تھی اب حکومت نے اپنے مافیاز کو پرمٹ جاری کرکے اسے قانونی شکل دی ہے اور محکمہ انڈسٹریز کی جانب سے جاری پرمٹ جعلی اور اکثر بغیر تصدیق کے جاری کئے گئے ہیں ، حکومت بلوچستان فوری طور پر پرمٹ کے اجرا پر پابندی عائد کرے اگر شنوائی نہیں ہوئی تو احتجاج اور ہڑتال کرینگے۔