• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنمنٹ پرنٹنگ پریس پشاور کی فعالیت کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخظ

پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا میں سرکاری سطح پر قائم گورنمنٹ پرنٹنگ پریس پشاور کی مکمل فعالیت اور اس میں ضروری مشینری کی مرمت کیلئے رقم کی فراہمی کے حوالے سے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انڈسٹریز اینڈ کامرس اور خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے، مذکورہ مفاہمت کے نتیجے میں کے پی ایزڈمک نظامت اعلیٰ صنعت وحرفت کو 35ملین روپے کا بلا سود قرضہ فراہم کریگا جو گورنمنٹ پرنٹنگ پریس پشاور کی عمارت کی بحالی اور ضروری قابل مرمت مشینری کو کار آمد بنانے کیلئے استعمال میں لایا جائے گا اورمعاہدے کی رو سے کمپنی کو مذکورہ قرضے کی رقم ایک سال کے دوران واپس کی جائیگی، اس حوالے سے گزشتہ روز محکمہ صنعت کے کانفرنس روم میں تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی خیبر پختونخوا کے نگران وزیر صنعت وحرفت وفنی تعلیم محمد عدنان جلیل تھے،تقریب میں ڈائریکٹر جنرل صنعت وحرفت برکت اللہ اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جاوید اقبال خٹک کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے جبکہ اس موقع پر سیکریٹری صنعت وحرفت وفنی تعلیم مطیع اللہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے،اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ گورنمنٹ پرنٹنگ پریس پشاور صوبے میں سرکاری سطح کا ایک تاریخی اور چھپائی کا اہم ادارہ ہے جسکی مکمل فعالیت اور بحالی کی ضرورت ہے،کمپنی کی جانب سے مذکورہ مالی تعاون سے اس ادارے کو سرکاری اداروں کی ضروریات کے مطابق بہترین پرنٹنگ کا آئنہ دار ادارہ بنایا جاسکے گا اور اس کی کارکردگی میں بہتری آئے گی، اس اقدام سے ادارہ کم وقت میں سرکاری اداروں کی پرنٹنگ ضروریات کو پورا کرسکے گا۔
پشاور سے مزید