کراچی (عبدالماجدبھٹی) سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید نجم سیٹھی انتظامیہ میں ’’فور ان ون ‘‘ تھے لیکن اب ان کے پاس کوئی ذمہ داری نہیں۔ ماضی کے بیٹر کو چیف سلیکٹر کے عہدے سے بھی فارغ کردیا ہے۔
نجم سیٹھی دور میں منیجمنٹ کمیٹی رکن اور چیف سلیکٹرسمیت چار بڑے عہدوں پر کام کرنے والے ہارون رشید کو ایک ساتھ تمام عہدوں سے الگ کردیا گیاہے۔ وہ اب مایوسی کی حالت میں لاہورسے کراچی پہنچ گئےہیں ۔
70سالہ ہارون رشید نے پاکستان کی جانب سے23ٹیسٹ اور 12ون ڈے انٹر نیشنل میچ کھیلے ۔
وہ کئی دہائیوں سےپاکستان کرکٹ میں مختلف عہدوں ذمے داریاں نبھارہے ہیں۔
انہیں پاور کوریڈورکے قریب تسلیم کیا جاتا ہے حالیہ دنوں میں انہوں نے غیر ملکی اور ملکی کوچز سے معاہدے کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ میں جنید ضیاء کےپاس ڈومیسٹک کرکٹ کا چارج ہے، یہ عہدہ بھی ہارون رشید کے پاس تھا۔ جبکہ ایزد سید کی جگہ ذاکر خان قومی اکیڈمی کے انچارج ہیں۔