• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف، سیاسی انتقام کا نشانہ، عمران حکومت نے نیب کو سابق وزیراعظم کا مستقبل تباہ کرنے کیلئے ریفرنس پر مجبور کیا، احتساب عدالت

لاہور (نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ)احتساب عدالت لاہور نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس سے بريت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا.

 فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ریکارڈ بتاتا ہے کہ نواز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، اس وقت کی (عمران) حکومت نے نیب حکام کو نواز شریف کا سیاسی کیریئر تباہ کرنے پر مجبور کیا، ملک کے تین بار کے وزیراعظم نواز شریف کی ساکھ کو تباہ کیا گیا۔

احتساب عدالت نے قرار دیا کہ ریفرنس کےالزامات میں نواز شریف کا کردار شریک ملزموں سے بھی کم ہے۔

عدالت نے نوازشریف اور ان کی جائیدادوں کے 27 شیئر ہولڈرز (حصہ داروں)کی منجمد جائیدادیں بحال کرنےکا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کیس پراپرٹی اپیل کا وقت ختم ہونےکے بعد ریلیز کر دے، فیصلے کی کاپی چیئرمین نیب اور ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل نیب کوبھیجی جائے۔

فیصلے میں کہا گیا ہےکہ سینئر اسپیشل پراسکیوٹر اسداعوان کو حقائق کا علم ہونےکی بنیاد پر عدالتی معاون مقرر کیا گیا، سینئر اسپیشل پراسیکیوٹر نےکہا کہ نواز شریف کو اشتہاری قرار دینا قانون کے مطابق نہیں تھا، اسپیشل پراسکیوٹر نےکہا کہ نئی نیب ترمیم کے مطابق نواز شریف کے خلاف کارروائی نہیں ہوسکتی۔

احتساب عدالت نے فیصلے میں کہا کہ عدالت خاموش تماشائی نہیں بن سکتی، نواز شریف کو اشتہاری قرار دینےکا فیصلہ واپس لیا جاتا ہے، تعمیل کنندہ کا بیان ریکارڈ نہ کرنے پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

اہم خبریں سے مزید