اسلام آباد( نیوزایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو جھوٹے کیس سے بری کردیا گیا، چور چور کہنے والوں کو منہ کی کھانی پڑی، وزیراعظم شہباز شریف نے احتساب عدالت کے فیصلے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش موجودہ بحرانوں کا سلسلہ وہاں سے شروع ہوتا ہے جہاں نواز شریف کے خلاف حکومت سے نکالنے کی سازش کرکے عمران خان کو ہر قیمت پر حکومت دلوانے کی سرتوڑ کوشش کی گئی.
انہوں نے کہا کہ اس سارے عمل میں پاکستان کو بے پناہ نقصان پہنچا، جمہوری ارتقا میں رکاوٹ آئی اور معیشت شدید متاثر ہوئی
جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سینئر وکیل اور صحافی کی طرف سے حالیہ ہوشربا انکشافات جن میں بتایا گیا کہ کیسے نواز شریف کو پانامہ پیپرز میں دانستہ طور پر پھنسایا گیا اور جس کا مقصد انہیں حکومت سے نکال کر سیاست میں پابندی لگانا تھا جس کا ہمیں روز اول سے پتا تھا۔ تاہم یہ انکشافات اب اس لئے بھی نہایت اہم ہیں کہ سچ تھوڑا تھوڑا کرکے سامنے آرہا ہے۔نوازشریف کے خلاف کئے گئے اقدامات کی درستگی حالات کی بہتری کیلئے انتہائی اہم ہیں۔
الحمدللہ، مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میرے قائد تاریخ میں صحیح سمت کھڑے رہے اور سرخرو ہوئے ہیں۔
قبل ازیں اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار سال میڈیا کی زبان بندی کیلئے ہر حربہ استعمال کیا گیا، پی ٹی آئی دور میں میڈیا کے کچھ لوگوں پر حملے کیے گئے، صحافیوں کو گولیاں ماری گئیں اور پسلیاں توڑی گئیں، اور صحافیوں کو جیل بھیجا گیا۔