• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصروف ترین سیزن شروع، پاکستان کرکٹ ٹیم پہلی مہم پر آج سری لنکا روانہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کا مصروف تین سیزن شروع ہوگیا۔ پلیئرز مہم کے پہلے حصے میں شرکت کیلئے تیار ہوگئے، دورے سری لنکا میں لنکا ڈھانےکے لئے قومی ٹیم کی تیاری مکمل ہوگئی، قومی کر کٹرز ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب لنکا روانہ ہوگی، جمعے کو کھلاڑیوں کا کراچی میں تر بیتی کیمپ ختم ہوگیا ۔ فاسٹ بولنگ کوچ مورنے مور کل ہفتے کو دبئی میں ٹیم کو جوائن کرکےسری لنکا میں باضابطہ ذمے داریاں سنبھالیں گے۔ جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے مورکل ویزا تاخیر سے ملنے کی وجہ سے کراچی میں کیمپ کو جوائن نہیں کر سکے۔ سری لنکا میں پاکستان ٹیم 2 روزہ وارم اپ میچ ہمبنٹوٹا میں 11 سے 12 جولائی تک کھیلے گی۔ بعد ازاں ٹیم گال جائے گی جہاں 16 جولائی سے پہلا ٹیسٹ میچ شروع ہوگا۔ دوسرا ٹیسٹ میچ 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہوگا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے جمعے کو نیشنل اسٹیڈیم میں صرف ایک سیشن میں پریکٹس کی ۔ چوتھے روز صبح نو سے 12بجے تک پریکٹس سیشن ہوا۔ جس کے دوران کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور کیچنگ کی پریکٹس کی۔ دلچسپ بات ہے کہ کیمپ کے دوران سابق کپتان سرفراز احمد وکٹ کیپنگ کی بھرپور پریکٹس کرتے نظر آئے جبکہ محمد رضوان بیٹنگ اور کیچز کی پریکٹس میں مصروف رہے۔سِلپ پوزیشن میں کیچنگ پریکٹس کے دوران بھی سرفراز احمد وکٹ کیپر بنے اور محمد رضوان سِلپ میں کھڑے ہوئے۔دوسری جانب کیمپ کے اختتام پر پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ بریڈ برن نے پریکٹس کےلیے آنے والے بچوں سے ملاقات کی اور انہیں شاباش دیتے ہوئے گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ سری لنکا میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سےایشیا کپ کی تیاری کا موقع ملے گا۔ میرا کام اپنا بیسٹ پرفارمنس دینا ہے،کپتانی کا فیصلہ کرنا پاکستان کرکٹ بورڈ کا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ کا بے چینی سے انتظار ہے، ہم ہر میچ جیت کی سوچ سے کھیلتے ہیں، بھارت میں ورلڈ کپ کھیلنے جا رہے ہیں صرف بھارت سے کھیلنے نہیں جا رہے، ہماری توجہ کسی ایک ٹیم یا ایک میچ پر مرکوز نہیں ہے، سرفراز احمد بطور وکٹ کیپر دورہ سری لنکا میں پہلی ترجیح ہونگے، انہوں نے گزشتہ سیریز میں اچھی بیٹنگ کی۔

اسپورٹس سے مزید