کراچی ( اسٹا ف رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے حکام ہفتے کو جنوبی افریقہ روانہ ہوں گے۔ مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف، سلمان نصیر اور فیصل حسنین 9 جولائی سے 16 جولائی تک ڈربن میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی آئی سی سی میٹنگز میں قومی ٹیم کی ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات، ویزوں کے اجرا، پاکستانی میڈیا اور شائقین کیلئے ویزا پالیسی اور میچز کے ٹکٹس کی دستیابی پر بات کرے گا۔ آئی سی سی اور بھارتی بورڈ حکام ان معاملات پر اپنا موقف پیش کریں گے، یاد رہے کہ پی سی بی نے ورلڈکپ میں شرکت کو حکومتی اجازت سے مشروط رکھا ہے۔خیال رہے کہ ذکا اشرف نے بطور چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی چارج لینے کے بعد کہا تھا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ ایونٹس میں پاکستان کو اس کا جائز حق دلانے کی کوشش کرینگے۔ایشیا کپ اور ورلڈکپ سمیت بہت سے معاملات میں بہتری کی ضرورت ہے، ہم اپنی پوری توجہ کرکٹ اور کرکٹرز کی بہتری پر مرکوز رکھیں گے۔ ساتھ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی آمدنی بڑھانے کا عزم بھی ظاہر کیا تھا۔ دریں اثنا جیو نیوز کے مطابق ذکا اشرف کی قیادت میں پاکستانی وفد کے ایجنڈے پر سب سے اوپر چیمپئنز ٹرافی 2025کا مکمل طور پر پاکستان میں انعقاد ہوگا۔ پی سی بی حکام اس دوران دیگر بورڈ کے آفیشلز سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ آئی سی سی میٹنگ میں سالانہ رپورٹ، فیوچر پلانز، 2024 میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول ٹی 20ورلڈکپ جیسے اہم معاملات زیر غور آئیں گے۔ بورڈز حکام امریکا میں پہلے بار کھیلے جانے والے بڑے کرکٹ ایونٹ کیلئے انفراسٹرکچر اور سہولتیں کا بھی تفصیلی جائزہ لیں گے۔