اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس ان کے ذہنی مریض ہونے کی غمازی کرتی ہے ، کرپٹ اور جھوٹے ثابت ہونے کے بعد یہ گروہ بینائی اور عقل سے بھی محروم ہوگیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ عمران خان 25 کروڑ پاکستانیوں کے دلوں میں دھڑک رہے ہیں خیبر سے کراچی تک پورا ملک عمران خان کے بیانیے سے گونج رہا ہے لیکن کٹھ پتلی راج کی ترجمان روزانہ کانوں میں انگلیاں ڈالے بہرے پن کی اداکاری کرتی ہیں۔