اسلام آباد ( رپورٹ:حنیف خالد) وزیراعظم شہباز شریف نے 15ماہ کی شبانہ روز کاوشوں سے پاکستان کو گندم امپورٹ کرنے والے ملک کی بجائے گندم ایکسپورٹ کرنے والا ملک بنانے کا آغاز کر دیا ہے۔ آئندہ جمعہ کو وزیراعظم کی ہدایت پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور پاکستان فلور ملنگ انڈسٹری کے قائدین کی تاریخ ساز ملاقات کا فیصلہ کیا گیا ہے ہم فیصلے متوقع ہیں۔ فلور ملنگ انڈسٹری کی قیادت پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عاصم رضا اور پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو کرینگے۔ اس میٹنگ میں گندم امپورٹ کر کے فلور ملنگ انڈسٹری کی پیداواری استعداد کے مطابق گندم کی مصنوعات کو خلیجی ریاستوں متحدہ عرب امارات‘ کویت‘ قطر‘ بحرین‘ عمان وغیرہ سمیت افغانستان اور سوڈان جیسے افریقی ممالک میں ویلیو ایڈیشن کے بعد برآمد کیا جا سکے گا۔