اسلام آباد (اے پی پی) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہوجائیگی، اسکے بعد اکتوبر، نومبر میں جب بھی انتخابات ہوتے ہیں، الیکشن کمیشن تاریخ کا اعلان کریگا، جو بھی حکومت آئیگی ہم قبول کرینگے، ہماری حکومت کو سوا سال ہوگئے کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا، الیکشن کے بعد ہمیں موقع ملا تو اگلے پانچ سال میں غربت اور بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے جان لڑا دینگے، تعلیم اور فنی تعلیم پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، نوازشریف کی قیادت میں غربت کے خاتمے کیلئے جانیں لڑا دینگے، چیئرمین پی ٹی آئی ملک دشمنی پر اتر آئے، 9 مئی کا سانحہ اسرائیل میں ہوتا تو انکا ردعمل کیا ہوتا، کیپٹل ہل پر حملہ آوروں کی سزائوں پر صیہونی کیوں خاموش رہے، آج پاکستان قرضوں کے پہاڑ تلے دبا ہوا ہے لیکن اس پروگرام کی وجہ سے اس بوجھ سے نکل آئیگا، معاشی بحالی کا پروگرام ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کر دیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نائنتھ ایونیو اور خیابان اقبال کے سنگم شاہین چوک پر فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھنے اور موسم برسات کی شجرکاری مہم اور پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ‘ اور قومی نصاب میں اصلاحات کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوامی فلاح اور ترقی کے ایک اور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے، بہارہ کہو فلائی اوور انتہائی اہم منصوبہ ہے، اس منصوبے کا تعلق صرف اسلام آباد اور راولپنڈی سے نہیں پورے ملک سے ہے، موسم گرما میں لاکھوں افراد یہاں سے سفر کرتے ہیں لیکن بہارہ کہو میں گھنٹوں ٹریفک جام رہتی تھی، اسی ماہ کے آخر میں اس عظیم منصوبے کا افتتاح ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے، حجاج کرام نے ملک کیلئے خصوصی دعائیں کی ہیں، آج آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس ہے انشاء ﷲ اس میں آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری ہو جائیگی، پاکستان اعتماد اور یقین کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام ہمارے لئے حلوہ اور کھیر نہیں ہے بلکہ سخت پروگرام ہے جسے مجبوراً قبول کیا ہے، سابق حکومت نے آخری دنوں میں ریاست کو دائو پر لگایا اور سیاست کیلئے ایک ایسی گھمبیر حرکت کی کہ جس سے پاکستان کو نقصان پہنچا، ہم نے سیاست کو دائو پر لگا کر ریاست کو بچایا ہے، ﷲ نے چاہا توآئی ایم ایف پروگرام کی بدولت پاکستان اپنے پائوں پر کھڑا ہو گا، اس میں زراعت کی ترقی، ٹیکسٹائل برآمدات کا فروغ، معدنیات کی ترقی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا فروغ شامل ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی کے عمران نیازی نے سوا سال میں ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کرنے کیلئے جو ملک دشمنی کی ہے وہ سب جانتے ہیں،پاکستان کے سری لنکا بننے کی باتیں کی جاتی رہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی کو ایک ایسے الیکشن کے نتیجہ میں اقتدار پر بٹھایا گیا جو ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ دھاندلی زدہ الیکشن تھا، چار سالوں میں جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کل اسرائیل کی طرف سے جو بیان آیا اسکی پوری قوم اسکی بھرپور مذمت کر رہی ہے، فلسطین میں 75 سال سے مسلمانوں کا خون بہہ رہا ہے، ہزاروں بچوں، مائوں اور بیٹیوں کو شہید کیا جا چکا ہے، وہ اسرائیل کہتا ہے کہ پاکستان میں جو ظلم، زیادتی ہو رہی ہے اور ناجائز کیسز بنائے جا رہے ہیں اور ناانصافی ہو رہی ہے وہ ختم ہونی چاہئے، اسرائیل کو تو خود اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے، 9 مئی کا واقعہ اگر اسرائیل میں ہوتا تو وہ وہاں پر کتنی تباہی کرتا، اگر یہی بات تھی تو 6 جنوری 2021ء کو کیپٹل ہل میں جو ہوا اور اسکے نتیجہ میں جو سزائیں دی گئیں اسرائیل نے اسکے بارے میں تو کوئی بات کیوں نہیں کی۔