کراچی(اسٹاف رپورٹر) بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا دورہ نہیں کر رہا، یا تو یہ مِس کمیونیکیشن ہے یا پھر جان بوجھ کر غلط خبر پھیلائی گئی ہے ۔ ادھر بھارتی بورڈ کے خزانچی اور آئی پی ایل کے چیئرمین ارون دھومال نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ایشیا کپ کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، باضابطہ اعلان جلد کردیا جائے گا۔ انہوں نے بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے۔ منگل کی شب ذکا ء اشرف جے شاہ ملاقات کے بعد خبریں سامنے آئی تھیں کہ ذکا اشرف نے جے شاہ کو ایشیا کپ میں پاکستان آنے کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کرلی۔ ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کا شیڈول جمعے کو منظر عام پر آنے کا امکان ہے۔ ٹورنامنٹ میں پاک بھارت میچ سری لنکا کے شہر دمبولا میں ہوگا۔ ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔ اے سی سی پاکستان کی جانب سے پیش کردہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کھیلے جانے کا پہلے ہی اعلان کر چکی ہے۔ چیئرمین آئی پی ایل ارون دھومال بھی آئی سی سی میٹنگز کیلئے ڈربن میں ہیں ، جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف اور جے شاہ کے درمیان سالانہ اجلاس کے سائیڈ لائنز پر ملاقات ہوئی۔ ارون دھومال نے کہا کہ ذکا اشرف اور جے شاہ کی ملاقات میں صرف ایشیا کپ کے شیڈول کو فائنل کیا گیا ہے۔ ایشیا کپ میں لیگ کے مرحلے کے چار میچز ہی پاکستان میں کھیلے جائیں گے، پاک بھارت میچ سمیت باقی 9 میچز سری لنکا میں ہی ہوں گے، پاک بھارت ٹیمیں اگر فائنل میں پہنچتی ہیں تو یہ بھی سری لنکا میں ہو گا۔ انھوں نے بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے بارے میں رپورٹس کو مسترد کیا۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان میں میچز لاہور میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔