• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ژوب چھاؤنی پر حملہ، سوئی میں جھڑپ 12 فوجی شہید، 7 دہشت گرد ہلاک

ژوب/ کراچی (نیوز ایجنسیز / نمائندہ جنگ/ اسٹاف رپورٹر) بلوچستان میں دہشت گردوں کے ایک گروپ کے ژوب گیریژن پر حملے کو ناکام بنادیا گیا تاہم شدید لڑائی میں 9؍ فوجی جوان شہید ہو گئے جبکہ جوابی کارروائی میں 5دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

سوئی میں فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں 3فوجی جوان شہید جبکہ 2دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے ژوب گیریژن میں گھسنے کی کوشش کی جہاں ڈیوٹی پر موجود فوجیوں نے دہشت گردوں کی اس کوشش کو روکا۔ 

فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جبکہ کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا گیا۔ ادھر کراچی کے نادرن بائی پاس پر موٹر سائیکل میں نصب بم دھماکا ہوا جس سے 3؍ اہلکار زخمی ہوگئے ، لاہور میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت 5؍ دہشت گرد گرفتار کرلئے ۔ قلعہ سیف اللہ میں لیویز تھانے پر بم حملہ بھی ہواجبکہ تربت میں رات گئے زور دار دھماکا ہوا جس سے خوف وہراس پھیل گیا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے ژوب گیریژن میں گھسنے کی کوشش کی جہاں ڈیوٹی پر موجود فوجیوں نے دہشتگردوں کی اس کوشش کو روکا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 فوجی جوان شہید ہوگئے اور 3؍ دہشتگرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا بتانا تھا کہ دہشتگردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5؍ سکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے جو بعد ازاں زخموں کی شدت کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے جس کے بعد دہشت گردحملے میں شہداء کی تعداد 9؍ ہوگئی ، دیگر 2؍ دہشتگردوں کو پکڑنے کیلئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع ہوا اور دونوں دہشت گردی بھی مارے گئے اور کلیئرنس آپریشن مکمل ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ سکیورٹی فورسز بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی ہر گھناؤنی کوشش ناکام بنانےکے لیے پرعزم ہیں۔

دوسری جانب قلعہ سیف اللہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے جنگل پیر علیزئی لیویز تھانہ پر دستی بم سے حملہ کیا، بم تھانے میں کھڑی گاڑی کے قریب گرا جس سے اس کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

 واقعے کے بعد لیویز فورس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی۔تربت کے علاقے ابسر میں رات کو زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے علاقے میں سخت خوف وہراس پھیل گیا۔ 

دوسری جانب کراچی میں سی ٹی ڈی کی انٹیلی جنس ونگ نادرن بائی پاس کچے کے راستےسے واپس آ رہی تھی کہ اس دوران موٹر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کردیا گیا، جس نتیجے میں موبائل کا اگلہ حصہ مکمل تباہ ہو گیا اور3اہل کار معمولی زخمی ہو گئے۔

انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کے مطابق سی ٹی ڈی کی ٹیم کچھ عرصے سے اس علاقے میں موجود کالعدم ٹی ٹی پی کیخلاف ایک مشن پر کام کر رہی تھی کہ واپسی پر موبائل کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

حملے کے بعد علاقے میں موجود سی ٹی ڈی کی تمام نفری اور مو بائیلوں کو طلب کر لیا گیا،پولیس کی جانب سے بعض تصاویر بھی جاری کی گئی جن میں ایک تباہ شدہ موٹرسائیکل اور نقصان شدہ پولیس وین نظر آرہی ہے، پولیس وین کو بم کے چھرے لگے ہیں.

انچارج بم ڈسپوزل یونٹ ساؤتھ زون غلام مصطفی آرائیں کے مطابق موٹر سائیکل میں 2 کلو کمرشل ہائی ایکسپلوزو مواد استعمال کیا گیا، اور دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید