اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) پاکستان نے تنازعات میں صنفی تشدد پر اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر اور مقبوضہ فلسطین میں جاری ظلم و تشدد اور انسانیت سوز جرائم کو شامل نہ کرنے کی مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے عالمی ادارے کی سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ رپورٹ کے مندرجات درست کریں اور مستقبل میں سیکیورٹی کونسل کی طرف سے اس حوالے سے تیار کی جانے والی رپورٹس میں شامل ملکوں میں بھارت اور اسرائیل کو بھی شامل کیا جائے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پانچ اگست دو ہزار انیس کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر میں تنازعے سے متعلق تشدد، ہراسانی اور خواتین کی بے حرمتی کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔