• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف سیکرٹری کی مری میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی تیز کرنیکی ہدایت

راولپنڈی (نمائندہ جنگ)چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت مری میں غیر قانونی تعمیرات، ٹریفک کے مسائل اور تزئین و آرائش کےحوالے سے اجلاس ہوا جس میں کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ ، ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا ،اے ڈی سی آر مری قاسم اعجاز اور اے سی مری کامران حسین بھی شریک تھے۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مری میں تعمیر شدہ کمرشل عمارتوں کا آڈٹ کیا جائے، منظور شدہ نقشے کی خلاف ورزی پر کارروائی ہو گی ۔مری میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز اور سڑک کنارے بغیر پارکنگ کمرشل بلڈنگز کو فوری سر بمہر کیا جائے ۔سٹرکوں کا پیچ ورک جلد مکمل کر کے سڑک کنارے تمام بلڈنگز کو پینٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مری کے حسن میں اضافے کے لئے تزئین و آرائش کا جامع منصوبہ بنایا جائے جس کیلئے تمام ضروری فنڈز مہیا کئے جائیں گے ۔