راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) حکومت نے راولپنڈی کے اہم میگا پراجیکٹس کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایات جاری کردیں تاکہ منصوبوں پر عملی کام شروع کیا جاسکے۔ اس ضمن میں کمشنر آفس میں اجلاس ہواجس میں رنگ روڈ،نالہ لئی،کچہری چوک اور دیگر منصوبوں کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔باخبر ذرائع کے مطابق اجلاس میں رنگ روڈ الائنمنٹ کے فیصلہ کیلئے ہائر کئے گئے کنسلٹنٹ کو ہدایت کی گئی کہ کنسلٹنٹ اپنا کام جولائی کے آخر تک مکمل کرے تاکہ منصوبہ پر عملی کام کا آغاز کیا جاسکے۔کچہری چوک پراجیکٹ کے حوالے سے نیسپاک کو ہدایت کی گئی کہ وہ کام شروع کرے تاکہ نئی تجویز کے مطابق منصوبہ پنجاب حکومت کو منظوری کیلئے بھجوایا جاسکے۔پہلے کچہری چوک ری ماڈلنگ منصوبہ میں فلائی اوور اور انڈر پاسسز شامل تھےتاہم بعد اب اس کو تبدیل کرکے اطراف سے چوک کو کھلا کرکے ٹریفک منیجمنٹ اور سلپ روڈز کے ذریعے رش کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔