کراچی (جنگ نیوز) کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء میں پوری دنیا میں کرکٹ کا بخار عروج پر ہوگا لیکن پاک بھارت کیلئے شائقین ایڈوانس میں بیمار ہونے اور اسپتالوں میں داخل ہونے کیلئے تیار ہیں۔دلچسپ بات ہے کہ اسپتال میں کمرے کی بکنگ کا کرایہ کافی کم ہے۔احمد آباد میں میچ کیلئے ہوٹلز کے کرائے آسمان کو پہنچ چکے ہیں، اس کا توڑ کرکٹ دیوانوں نے نکال لیا اور اسپتالوں میں کمرے بک کرانا شروع کردیے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق احمدآباد میں عام سے ہوٹل کے کمرے کا کرایہ بھی 50 ہزار روپے سے زیادہ ہوچکا ہے۔ جو کئی لوگوں کی پہنچ سے باہر ہے، لہٰذا کرکٹ فینز نے اسپتالوں کا رخ کرلیا ہے اور احمد آباد میں اسپتال میں معمول کے چیک اپ اور کمروں کی بکنگ سے متعلق انکوائریز بڑھ گئیں ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اسپتال میں چیک اپ بھی ہوگا اور میچ سے قبل ایک رات کا قیام بھی ہوگا۔