• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی واپسی عمران کی نااہلی سے نہیں جڑی، ایاز صادق

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اقتصادی امور ایاز صادق نے کہا کہ نواز شریف ن لیگ کی انتخابی مہم کا حصہ ہوں گے،نواز شریف کی واپسی عمران خان کی نااہلی سے نہیں جڑی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر کا ایک بڑا کھیل پاکستان کے ساتھ کھیلا،سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ عمران خان کے اردگرد گھیرا تنگ ہورہا ہے، موجودہ حکومت عمران خان کیخلاف کوئی بڑا بریک تھرو نہیں کرسکے گی،وفاقی وزیر اقتصادی امور ایاز صادق نے کہا کہ سائفر معاملہ میں امریکا کے ساتھ یورپی یونین اور افواج پاکستان کو بھی کھینچا گیا، سابق وزیراعظم نے اپنے اقتدار کے خاطر سب تباہی کی، انہیں اندازہ ہی نہیں پاکستان کے بین الاقوامی تعلقات کتنے خراب ہوئے،چیئرمین پی ٹی آئی نے فوج کو بھی تمام معاملہ میں ملوث کیا، انہوں نے فوج میں بے چینی پھیلانے کی کوشش کی اور اسے عالمی سازش کا حصہ بنادیا، کیا فوج کو متنازع بنانا پاکستان کی خدمت تھی؟، کیا اس پر آرمی ایکٹ نہیں لگنا چاہئے۔ ایاز صادق کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاس ریاستی راز ہیں کوئی بعید نہیں کہ باہر دیدیں، اس سب کے باوجود یہ سوچتے ہیں کہ ان پر کیس نہ ہوں، یہ چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کا نہیں پاکستان اور دھرتی کو نقصان کا معاملہ ہے، انہوں نے ایک بادشاہ کا مہنگا تحفہ توشہ خانہ سے لے کر اونے پونے بیچ دیا پھر توشہ خانہ میں پیسے جمع کرائے، چیئرمین پی ٹی آئی نے پاکستان کو نقصان پہنچایا لیکن انہیں بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا، سابق وزیراعظم کی ذہنیت نو مئی کو کھل کر سامنے آگئی، جو پاکستان کے خلاف چیزوں میں ملوث ہے اسے کیفر کردار تک پہنچانا چاہئے۔ اعظم خان سے متعلق سوال پر ایاز صادق نے کہا کہ جب انسان کا ضمیر جاگ جائے تو پھر وہ بیان دے دیتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید