• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات‘ سی پی او اور ڈپٹی کمشنر کا دورہ مری

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) محرم الحرام میں امن وامان کے قیام اورسیکورٹی انتظامات کاجائزہ لینے کیلئے سی پی او سید خالد ہمدانی اور ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے مری کادورہ کیا۔ اجلاس میں امن کمیٹی، انجمن تاجران، بانیان و انتظامیہ جلوس و مجالس، ڈی ایس پی مری، ڈی ایس پی ٹریفک مری اور دیگر اداروں کے افسروں شریک تھے۔ سی پی او اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے سکیورٹی و دیگر اقدامات اور سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم ہدایات دیں۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کیلئے بہترین سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ بین المسالک رواداری و ہم آہنگی کے قیام کیلئے پولیس، انتظامیہ اور علماء کے امن کاروان کی مری آمد اسی سلسلہ کا حصہ تھی۔ سیاحوں اور مقامی افراد کی جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے کہاکہ تمام ادارے مل کر محرم الحرام میں امن و امان کی بہترین فضاء کے قیام میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ مری میں سیاحوں کیلئے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔