کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان نے ایشین گیمز کرکٹ ایونٹ کیلئے خواتین ٹیم کا انتخاب کرلیا۔ ایشین گیمز ولیج میں بچوں کو ساتھ رکھنے کی اجازت نہ ملنے پر سابق کپتان بسمعہ معروف ایونٹ سے دستبردار ہو گئیں ۔ماضی میں بسمعہ کو خصوصی اجازت سے بچی کو ساتھی رکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔ لیفٹ آرم اسپنر انوشے ناصر اور دائیں ہاتھ کی بیٹر شوال ذوالفقار کو پہلی بار پندرہ رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے ۔ ایشین گیمز میں کرکٹ مقابلے 19سے 26 ستمبر تک چین کے شہر ہینگ زو میں ہونگے۔ فٹنس حاصل کرنے والی ڈیانا بیگ کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔ پاکستان ٹیم 2010 چین اور 2014 جنوبی کوریا ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیت چکی ہے ، اس کی نظریں اب ہیٹ ٹرک پر ہیں۔ اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ ندا ڈار ( کپتان )، عالیہ ریاض، انوشے ناصر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، منیبہ علی، ناجیہہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، عمیمہ سہیل، صدف شمس، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، عروب شاہ اور ام ہانی۔ ٹیم یکم سے 14 ستمبر تک جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی۔