• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مالی ا ہداف حاصل کرنے کیلئے کوششیں کی جائیں، چیئرمین FBR

اسلام آباد ( رپورٹ ، حنیف خالد)چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو عاصم احمد نے منگل کے روز مختلف دفاتر کے الوداعی دورے کیے اور بجٹ اہداف پورے کرنے میں فیلڈ فارمیشنز کی کارکردگی کی تعریف کی ۔چیئرمین ایف بی آر نے کہا ہے کہ مالی سال کےا ہداف حاصل کرنے کیلئے کوششیں کی جائیں ۔ اُنہوں نے بطور ادارہ ایف بی آر کے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صرف ایک مضبوط، متحرک اور وسائل سے بھرپور ایف بی آر ہی ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔چیف کمشنر آر ٹی او راولپنڈی تہمینہ عامر نے چیئرمین کا استقبال کیا۔ان لینڈ ریونیو سروس اور پاکستان کسٹمز کے افسران سے خطاب میں انہوں نے اسمگلنگ کے خلاف پاکستان کسٹمز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہا اور امید کا اظہار کیا کہ اسمگلنگ کے خاتمے کیلئے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔بعدازاں انہوں نے لارج ٹیکس پیئرز آفس کا بھی دورہ کیا جہاں چیف کمشنر حیدر یوسف شیخ نے اُنہیں خوش آمدید کہا۔چیئرمین ایف بی آر نے بجٹ کے اہداف پورے کرنے میں فیلڈ فارمیشنز کی کارکردگی کو سراہا اور زور دیا کہ رواں مالی سال کے چیلنجنگ ہدف کو پورا کرنے کے لئے تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں۔دورے کے اختتام پر آر ٹی او راولپنڈی اور ایل ٹی او اسلام آباد کے افسران نے چیئرمین ایف بی آر کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ دریں اثناء ان لینڈ ریونیو سروس اسلام آباد/ راولپنڈی ریجن کے افسران نے گزشتہ روز عاصم احمد کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ کاا ہتمام بھی کیا۔
اہم خبریں سے مزید